بنگلادیش چین سے J-10CE لڑاکا طیارے خریدنے کے قریب، 2.2 ارب ڈالر کے معاہدے سے فوجی تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) بنگلادیش چین سے J-10CE لڑاکا طیاروں اور اٹیک ہیلی کاپٹرز خریدنے کے حوالے سے مذاکرات کے قریب پہنچ گیا ہے۔ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ بنگلادیشی حکومت کا ایک پینل معاہدے کا مسودہ تیار کر رہا ہے۔ بنگلادیشی وزیر اعظم کے مشیر زاہد الرحمان نے اس پیشرفت کی تصدیق کی ہے۔
اس معاہدے کی مالیت 2.2 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے جس کے تحت بنگلادیش چین سے 20 J-10CE طیارے خریدے گا۔ یہ حالیہ برسوں میں بنگلادیش کی سب سے بڑی دفاعی خریداری ہوگی۔
یہ خریداری چین کے ساتھ بنگلادیش کے فوجی تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔ یاد رہے کہ چین بنگلادیش کے لیے فوجی سازوسامان کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔
واضح رہے کہ چینی لڑاکا طیارے J-10CE نے پاکستان میں معرکۂ حق کے دوران بھارتی طیاروں کو مار گرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، جس کے بعد یہ عالمی سطح پر توجہ کا مرکز بن گئے۔












