جاپان کی 118 سال پرانی جیل کو ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا، مہمانوں کو منفرد تاریخی تجربہ حاصل ہوگا۔
جاپان: (رائیٹ ناؤ نیوز). جاپان میں 118 سال پرانی جیل کو لگژری ہوٹل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ نارا میں واقع اس عمارت کو ‘ہوشینویا نارا پرزن’ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہاں مہمان سابق جیل سیلز میں قیام کا منفرد تجربہ حاصل کر سکتے ہیں۔
یہ عمارت 1908 میں تعمیر کی گئی اور 2017 تک نوجوان قیدیوں کے لیے استعمال ہوتی رہی۔ اب اسے جاپان کے اہم ثقافتی ورثے میں شامل کیا گیا ہے۔ لگژری ہوٹل کی تیاری کے دوران 500 سابق جیل سیلز کو 48 سوئٹس میں تبدیل کیا گیا ہے۔
لگژری سوئٹس میں لاؤنج، ڈائننگ ایریا، منی بار، اور جدید باتھ روم جیسی سہولیات شامل ہیں۔ مہمانوں کو نارا پریفیکچر کی دستکاری اشیا بھی تحفے کے طور پر دی جاتی ہیں۔
یہ اقدام تاریخی ورثے کی حفاظت اور دیکھ بھال کے اخراجات پورے کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ اس عمارت کی حفاظت پر بھاری اخراجات آتے ہیں جنہیں پورا کرنے میں یہ ہوٹل مددگار ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ ہوٹل میں قیام کی قیمت کمرے کی نوعیت کے مطابق تقریباً 317 سے 1,114 امریکی ڈالر تک ہے۔ یہاں مختلف سوئٹس بھی دستیاب ہیں جن میں 9، 10 اور 11 سیل شامل ہیں۔













