ماؤنٹ ایٹنا کی موجودہ سرگرمی غیر معمولی ہے، سات دنوں سے جاری ہے۔ راکھ نے کاتانیا ایئرپورٹ کی پروازیں متاثر کی ہیں۔
سسلی: (رائیٹ ناؤ نیوز) اٹلی کے جزیرے سسلی میں ماؤنٹ ایٹنا، جو یورپ کا بلند ترین فعال آتش فشاں ہے، لاوا اور راکھ اگل رہا ہے۔ اس کے شاندار مناظر دیکھنے کے لیے ہزاروں سیاح پہاڑ کا رخ کررہے ہیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ماؤنٹ ایٹنا کی موجودہ سرگرمی غیر معمولی ہے، جو مسلسل سات دنوں تک جاری ہے۔ ماضی میں بھی ایسی سرگرمیاں دیکھی گئی ہیں مگر یہ مرحلہ طویل ہے۔
کاتانیا میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف جیو فزکس اینڈ وولکینولوجی کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ زیادہ گہرائی سے میگما اوپر آرہا ہے۔ لاوا کے بہاؤ سے آبادی کو فی الحال خطرہ نہیں ہے۔
آتش فشاں کی سرگرمی سے سیاحوں کا رش بڑھ گیا ہے، جس سے ٹریفک اور بدنظمی پیدا ہو گئی ہے۔ مقامی گائیڈز نے لوگوں سے محفوظ مقامات پر رہنے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ آتش فشاں کی راکھ نے کاتانیا ایئرپورٹ کی پروازیں متاثر کی ہیں۔ ماؤنٹ ایٹنا دنیا کے فعال آتش فشاں میں سے ایک ہے اور سسلی کی اہم شناخت ہے۔















