تحقیق سے معلوم ہوا کہ تمباکو نوشی نہ کرنے والوں میں پھیپھڑوں کے کینسر کی بڑی وجہ فضائی آلودگی ہے، جو جسم کے اندر تبدیلیوں کا باعث بنتی ہے۔
نیویارک: (رائیٹ ناؤ نیوز) حالیہ تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ پھیپھڑوں کے کینسر کی بڑھتی ہوئی شرح کی وجہ فضائی آلودگی ہو سکتی ہے، خاص طور پر ان افراد میں جو تمباکو نوشی نہیں کرتے۔
تحقیق کے مطابق امریکا کی ایموری یونیورسٹی کے رولنز اسکول آف پبلک ہیلتھ نے 1357 افراد کے خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا۔ ان افراد میں فضائی آلودگی سے منسلک میٹا بولائٹس دریافت کیے گئے۔
محققین کا کہنا ہے کہ فضائی آلودگی پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ بڑھانے والا اہم ماحولیاتی عنصر ہے۔ اس کا تعلق ایسے افراد سے ہے جو کبھی تمباکو نوشی نہیں کرتے۔
یہ تحقیق اس لیے اہمیت رکھتی ہے کہ یہ پھیپھڑوں کے کینسر کی غیر متوقع وجوہات کو ظاہر کرتی ہے، جو فضائی آلودگی کے اثرات کو مزید واضح کرتی ہے۔
یاد رہے کہ 2022 میں دنیا بھر میں 25 لاکھ افراد میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جو سرطان کی سب سے عام قسم ہے۔














