مصطفیٰ کمال نے صوبائی نظام کی خامیوں پر بات کرتے ہوئے بچوں کی گٹر میں موت پر سوال اٹھایا اور نئے صوبوں کی اہمیت پر زور دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) وفاقی وزیر برائے صحت مصطفیٰ کمال نے صوبائی نظام پر شدید تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کی بات پر عزت و غیرت جاگ جاتی ہے، لیکن جب بچے گٹر میں گرتے ہیں تو کسی کی غیرت کیوں نہیں جاگتی؟
مصطفیٰ کمال نے پاکستان فارما ہیلتھ کیئر ایکسپو میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے حالیہ جنگ میں 6 دنوں میں فتح حاصل کی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے دشمن کو شکست دی اور عالمی سطح پر اپنی دفاعی قابلیت کو منوایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں نئے صوبوں کی تشکیل ضروری ہے۔ وفاق ہر سال 8884 ارب روپے صوبوں کو دیتا ہے، لیکن یہ فنڈز یوسیز تک نہیں پہنچتے، جس سے عوامی مسائل حل نہیں ہو پاتے۔
وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ آبادی 26 کروڑ سے زائد ہو چکی ہے، جبکہ صوبے اب بھی چار ہی ہیں۔ ایران، سری لنکا اور بھارت کے مقابلے میں پاکستان میں نئے صوبے بننے سے ملک مضبوط ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں موجودہ لڑائی میں بیرونی عناصر شامل ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر موجودہ مسائل کا آئینی حل نکالیں۔














