کراچی میں ڈینگی اور ملیریا ٹیسٹ کی قیمتوں میں اضافہ، لیبارٹریوں کی قیمتوں میں تفاوت برقرار۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) کراچی اور سندھ بھر میں ڈینگی، ملیریا اور دیگر طبی ٹیسٹ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ مختلف لیبارٹریاں مختلف قیمتیں وصول کر رہی ہیں۔ سرکاری سطح پر طبی ٹیسٹوں کی قیمتوں کا تعین ابھی تک نہیں ہوسکا۔
کراچی سمیت سندھ بھر میں کئی لیبارٹریاں بغیر رجسٹریشن کے کام کر رہی ہیں اور اکثر کا عملہ مکمل تربیت یافتہ نہیں ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ طبی ٹیسٹ کی رپورٹس کی بنیاد پر ڈاکٹر علاج تجویز کرتے ہیں، لیکن غیر معیاری کٹس کے استعمال کی وجہ سے نتائج مشکوک ہوتے ہیں، اور حکومت نے اس مسئلے پر کوئی کارروائی نہیں کی۔
ڈاؤ لیبارٹری اور دیگر بڑے اسپتالوں میں ٹیسٹ مہنگے داموں کیے جا رہے ہیں، جبکہ چھوٹی لیبارٹریاں سستی کٹس استعمال کرتی ہیں جو کہ غیر معیاری ہوتی ہیں۔ سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے ٹیسٹوں کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے، لیکن بیشتر چھوٹی لیبارٹریاں اب بھی من مانی قیمتیں وصول کر رہی ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروس سندھ کے مطابق جنوری سے نومبر 2025 تک ڈینگی سے 22 اموات اور 18 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوئے ہیں۔















