عمان میں روسی جہاز سے تیل کا اخراج 150 مربع میل رقبے پر پھیلا، حکام اخراج پر قابو پانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
عمان: (رائیٹ ناؤ نیوز) عمان کے ساحل کے قریب روسی جہاز سے تیل کا اخراج تیز ہوگیا ہے۔ اس سے 150 مربع میل رقبے پر سمندری تیل پھیل گیا ہے۔ عمانی حکومت کوشش کر رہی ہے کہ اخراج پر قابو پایا جائے۔
عمانی ماحولیاتی اتھارٹی کے مطابق اخراج کا اثر شمال مشرقی جزائر پر پڑ رہا ہے۔ حکام کے مطابق تیل کا پھیلاؤ عمانی ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے اور اس کا فاصلہ 7 کلومیٹر رہ گیا ہے۔
کیرولین بیزنگی نامی جہاز میں 10 لاکھ بیرل روسی خام تیل موجود تھا۔ یہ تیل ایشیا منتقل کیا جا رہا تھا جب کہ جہاز کو 8 جون کو یمن کے قریب مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
واضح رہے کہ یہ علاقہ عرب سمندر کی حیات کے حوالے سے اہم مانا جاتا ہے۔ عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے قدرتی حیات کے تحفظ کے لیے نیچر ریزرو قائم کرنے کا شاہی فرمان جاری کیا تھا۔
یاد رہے کہ کیرولین بیزنگی جہاز کو روس کی جانب سے استعمال کیا جاتا ہے اور یہ مغربی پابندیوں کی زد میں بھی ہے۔ یہ جہاز مختلف ممالک کے پرچم تلے سفر کرتا ہے، جس سے ملکیت چھپانے میں مدد ملتی ہے۔













