پاکستانی سفیر نے شکاگو میں امریکی سویا بین ایکسپورٹ کونسل سے ملاقات کی۔ دونوں ممالک نے سویا بین شعبے میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستانی سفیر نے پاک امریکا اقتصادی تعاون میں نمایاں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ امریکی سویا بین ایکسپورٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹو جم سٹر سے ملاقات میں تجارت و سرمایہ کاری کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔
امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے شکاگو میں یو ایس کنیکسٹ کانفرنس میں شرکت کی۔ انہوں نے امریکی سویا بین کی درآمدات کے حوالے سے اہم گفتگو کی اور بڑے درآمد کنندہ ہونے پر پاکستان کی حیثیت کو اجاگر کیا۔
رضوان سعید شیخ نے بتایا کہ پاکستان سالانہ 10 لاکھ میٹرک ٹن سے زائد امریکی سویا بین درآمد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سویا بین کی ویلیو چین میں دونوں ممالک کے درمیان اشتراک کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
جم سٹر نے پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کونسل پاکستان میں تکنیکی معاونت، تربیت اور استعداد کار بڑھانے کے پروگرام جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ پاک امریکا اقتصادی شراکت داری کے تحت فیڈ، پولٹری، ڈیری اور فوڈ پروسیسنگ کے شعبوں میں تعاون جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔















