ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات کامیاب، معاہدے سے توانائی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی۔
مسقط: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے آئل ٹینکرز اور کمرشل بحری جہازوں کی آمد و رفت کے لیے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔ دونوں ممالک نے خلیج فارس میں جہازوں کی محفوظ آمدورفت کے جغرافیائی حدود پر اتفاق کر لیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق عمان نے معاہدے کے تحت ایران کو خلیج فارس میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے انتظام میں نمایاں کردار دینے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ ایرانی ذرائع نے کہا ہے کہ تہران کو خلیج میں داخل ہونے والے جہازوں کے روٹ کی عملی نگرانی حاصل ہو سکتی ہے۔
ماہرین کے مطابق جہازوں کی واپسی، معائنے اور ممکنہ ٹول فیس جیسے اہم معاملات پر ابھی بات چیت جاری ہے۔ مشترکہ اعلامیہ ان معاملات پر اتفاق کے بعد جاری ہوگا۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز سے متعلق پیش رفت جون 2026 سے عمان کی ثالثی کے ذریعے جاری تھی۔ دونوں ممالک نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے مستقبل پر مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا تھا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین آبی گزرگاہوں میں شامل ہے جہاں سے 20 فیصد عالمی تیل اور گیس گزرتی ہے۔ ایران، عمان، امریکا اور دیگر فریق متفق ہوگئے تو توانائی کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔















