پمز اسپتال میں آتشزدگی نیبولائزر پھٹنے سے ہوئی، رپورٹ میں انکشاف۔ وفاقی حکومت نے سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤنیوز) پمز اسپتال کے گائناکولوجی وارڈ میں پیش آنے والے سانحے کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں بلکہ نیبولائزر پھٹنے سے لگی۔
رپورٹ کے مطابق نیبولائزر پھٹنے سے آکسیجن نے آگ پکڑ لی۔ ابتدا میں آگ کم تھی، مگر آکسیجن کی موجودگی سے تیزی سے پھیل گئی۔
وفاقی حکومت نے سانحے پر سخت اقدامات اٹھائے ہیں۔ وفاقی سیکریٹری صحت کو معطل کر دیا گیا ہے۔ سابق سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تحقیقات کر رہی ہے۔
آتشزدگی کے نتیجے میں نرسری میں شدید دھواں پیدا ہوا جو بچوں کے سانس کے نظام میں داخل ہو گیا۔ آکسیجن کی فراہمی بند ہونے سے نومولود بچوں کی اموات ہوئیں۔
یاد رہے کہ اس سانحے پر سی ڈی اے فائر بریگیڈ اور ای ڈی پمز کے بیانات میں اختلاف تھا۔ ای ڈی پمز نے فائر سسٹم کو تسلی بخش قرار دیا جبکہ سی ڈی اے نے ناقص انتظامات کی نشاندہی کی۔













