وفاقی وزیر رضا حیات ہراج نے نئے صوبوں کی حمایت کی، کہا نئے یونٹس سے وفاق مضبوط ہوگا اور گورننس بہتر ہوگی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا ہے کہ وہ کئی سالوں سے نئے صوبوں کے حامی اور داعی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے وفاق مزید مضبوط ہوگا۔
انہوں نے محسن نقوی کے نئے یونٹس کے بیان کو درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام گورننس کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالات بہتر ہوجائیں گے اور وفاق مزید مستحکم ہوگا۔
تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے قیام پر مکمل اتفاق پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری محرومیوں اور غربت کا حل نیا صوبہ ہے اور نئے صوبے آبادی کی بنیاد پر بننے چاہئیں۔
رکن قومی اسمبلی پیپلزپارٹی آغا رفیع اللہ نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے کی تحریک دو تہائی اکثریت سے اسمبلی سے پاس ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر نئے صوبے کے لیے سنجیدہ ہیں تو پنجاب میں نئے صوبے کے لیے قرارداد منظور ہوچکی ہے۔
یاد رہے کہ آئین میں واضح ہے کہ جس صوبے میں تبدیلی لانی ہے وہاں کی اسمبلی سے دو تہائی اکثریت سے پاس کرنا ضروری ہے۔













