ایف بی آر نے اسٹیل سیکٹر کے لیے بجلی پر سیلز ٹیکس کے نئے قوانین نافذ کر دیے، شرحوں میں تبدیلی کی گئی ہے جو 1 جولائی 2026 سے نافذ العمل ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اسٹیل سیکٹر کے لیے بجلی کے فی یونٹ سیلز ٹیکس کا نیا نظام نافذ کر دیا ہے۔ اس نئے نظام کے تحت مقامی اسکریپ استعمال کرنے والے اسٹیل میلٹرز 30 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس ادا کریں گے۔
نئے قوانین کے مطابق 70 فیصد سے زائد درآمدی اسکریپ استعمال کرنے والے یونٹس کے لیے سیلز ٹیکس 5 روپے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔ ای ایف ایس لائسنس یافتہ سپلائرز سے 70 فیصد سے زائد اسکریپ لینے والے یونٹس پر بھی یہی شرح لاگو ہوگی۔
کیپٹو پاور یا خود بجلی پیدا کرنے والے اسٹیل یونٹس 35 روپے فی یونٹ سیلز ٹیکس ادا کریں گے۔ جب کہ ایف بی آر کے ریئل ٹائم سسٹم سے منسلک یونٹس کے لیے سیلز ٹیکس 5 روپے فی یونٹ مقرر ہے۔
ماہانہ 5 لاکھ یا زائد بجلی یونٹس استعمال کرنے والے مینوفیکچررز کو اسٹیل میلٹر یا کمپوزٹ یونٹ قرار دیا جائے گا۔ مقررہ تاریخ تک سیلز ٹیکس ادا نہ کرنے پر بجلی کنکشن منقطع کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ تمام ڈسکوز کو یکم جولائی 2026 سے نئی شرحوں پر سیلز ٹیکس وصول کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسٹیل میلٹرز کی فہرست ہر 3 ماہ بعد اپ ڈیٹ کی جائے گی اور اہل مینوفیکچررز کی فہرست سیلز ٹیکس جنرل آرڈر کے ذریعے جاری کی جائے گی۔















