ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، خزینہ بانڈہ حملے کے ماسٹر مائنڈ امیر معاویہ کی ہلاکت، دہشت گرد نیٹ ورک کو بڑا دھچکا۔
ہنگو: (رائیٹ ناؤ نیوز) خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے کا ماسٹر مائنڈ ٹی ٹی پی کا اہم کمانڈر احمد عرف امیر معاویہ ہلاک ہوگیا ہے۔ حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہوئے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہنگو کے علاقے چھپڑی نریاب میں آپریشن کے دوران ٹی ٹی پی سے وابستہ مبینہ اہم کمانڈر احمد عرف امیر معاویہ مارا گیا۔ حکام نے اسے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ قرار دیا ہے۔
سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ امیر معاویہ تنظیم میں کمانڈر کاظم کے بعد اہم ذمہ داری پر فائز تھا اور سیکیورٹی فورسز کو متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں مطلوب تھا۔ حکام کے مطابق وہ ہنگو کے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ حملے میں ملوث تھا۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ اس کارروائی کو ہنگو پولیس کے شہداء کے خون کا بدلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ امیر معاویہ کی ہلاکت دہشت گرد نیٹ ورک کے لیے بڑا دھچکا ہے۔
یاد رہے کہ 29 جولائی کو ہنگو کے خزینہ بانڈہ پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا۔ حملے میں ڈی ایس پی سمیت 10 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہوئے تھے۔













