سعید غنی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو دھاندلی سے جتوایا گیا اور الیکشن میں ن لیگ بری طرح ہاری۔
کراچی: (رائیٹ ناؤنیوز) صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نئے صوبے نہیں چاہتے، یہ مطالبہ پنجاب کے عوام کا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نئے صوبے آئین کے تحت ہی بن سکتے ہیں، پنجاب کے وزراء اپنی ہی حکومت پر چارج شیٹ دے رہے ہیں۔
سعید غنی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ الیکشن میں ن لیگ بری طرح ہاری، نواز شریف کو دھاندلی سے جتوایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ خیرات کی سیٹوں پر بیٹھے لوگ ہم پر تنقید کرتے ہیں، ہم ان کے چہرے سے پارسائی کے پردے اتارتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں اسپتالوں کی تعمیر خوش آئند ہے، لیکن سندھ میں ترقیاتی کاموں سے لاعلمی کی بنیاد پر تنقید درست نہیں۔ پنجاب کے وزرا کو سندھ آکر یہاں کے منصوبے اور سہولیات دیکھنے کی دعوت دی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ کراچی پورٹ کی صورتحال پر سوال وفاقی حکومت سے کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پورٹ کے معاملے پر بات کرنے والے اپنی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ سعید غنی نے سندھ حکومت کے صحت کے شعبے میں اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ این آئی سی وی ڈی اور دیگر ادارے ملک بھر کے مریضوں کو علاج کی سہولیات دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سمیت مختلف علاقوں کے مریض سندھ کے ان اداروں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔












