سپریم کورٹ نے فیصلہ سنایا کہ فوت شدہ ملازمین کی پنشن بیوہ کو ملے گی، بہن بھائی مستحق نہیں۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کا تحریر کردہ فیصلہ 4 صفحات پر مشتمل ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوت شدہ ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن اور مراعات کے بارے میں اہم فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے واضح کیا ہے کہ یہ قانونی حق بیوہ کو ملے گا، نہ کہ بہن بھائیوں کو۔
عدالت نے فیصلے میں کہا ہے کہ پنشن کے حقدار صرف بیوہ یا قانون کے تحت نامزد شخص ہوسکتے ہیں۔ قانونی وارث ہونے کے باوجود بہن بھائی پنشن کے حق دار نہیں بن سکتے۔
فیصلے کے مطابق پنشن کی ادائیگی متعلقہ قوانین اور ادارے کے رولز کے مطابق ہوگی۔ سپریم کورٹ نے پیسکو ملازم کے بہن بھائیوں کی اپیل خارج کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
یہ فیصلہ 4 صفحات پر مشتمل ہے اور چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے تحریر کیا ہے۔ عدالت نے یہ واضح کیا کہ فوت شدہ ملازمین کی پنشن صرف قانونی طریقہ کار کے تحت ہی ادا کی جائے گی۔
یاد رہے کہ اس فیصلے سے قبل بہن بھائیوں نے فوت شدہ پیسکو ملازم کی وراثت نامہ جاری کرنے کی اپیل کی تھی، جسے عدالت نے مسترد کر دیا۔













