بیرسٹر سیف نے محسن نقوی کے بیان کو حکومتی ناکامی کا اعتراف قرار دیا، نوجوانوں کے احتجاج کا خدشہ ظاہر کیا۔
پشاور: (رائیٹ ناؤ نیوز) سابق مشیرِ اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کا نظام فیل ہونے کا بیان وفاقی حکومت کی ناکامی کا اعتراف ہے۔
بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ محسن نقوی کا بیان حکومتی کارکردگی کے خلاف جامع چارج شیٹ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ نوجوانوں کی محرومیاں دور نہ کی گئیں تو سڑکوں پر احتجاج پارلیمنٹ اور عدالت کا متبادل بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے غم و غصے میں اضافے کو روکنے کے لئے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔
بیرسٹر سیف نے نئے صوبے اور انتظامی اصلاحات کی تجویز پیش کی کہ اگر ان سے نظام بچایا جا سکتا ہے تو ان پر فوری عمل کیا جائے۔
یاد رہے کہ گورننس میں بہتری ہی نظام پر عوام کے اعتماد کی بحالی کا واحد راستہ ہے، جس کی جانب بیرسٹر سیف نے توجہ دلائی ہے۔













