محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھا کر عمران خان کی بہترین اوسط کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ٹروبا: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے میچ کی پہلی اننگز میں 3 وکٹیں لیں اور دوسری اننگز میں 2 وکٹیں حاصل کیں، جس سے ان کی بولنگ اوسط 22.69 ہوگئی۔
اس کارکردگی کے ساتھ، محمد عباس نے سابق کپتان عمران خان کی 22.81 کی اوسط کو پیچھے چھوڑ دیا۔ عمران خان نے 88 میچوں میں 362 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ محمد عباس نے اب تک 30 ٹیسٹ میں 116 وکٹیں لی ہیں۔
پاکستان کے فاسٹ بولرز میں محمد عباس بہترین بولنگ اوسط کے حامل بن گئے ہیں۔ انہوں نے بیرونِ ملک 100 وکٹیں مکمل کر کے بھی اپنی جگہ مستحکم کی ہے۔
یہ کامیابی محمد عباس کے کیریئر کے لئے ایک اہم سنگ میل ہے۔ ان کی شاندار کارکردگی نے پاکستانی بولنگ لائن کو مزید مضبوط کیا ہے۔
واضح رہے کہ ٹروبا ٹیسٹ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگز میں 7 وکٹوں پر 126 رنز بنا کر مجموعی برتری 155 رنز کی حاصل کرلی ہے۔















