اسلام آباد میں آئندہ 10 روز کے دوران وقفے وقفے سے بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے موسم خوشگوار رہے گا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) اسلام آباد میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں نے شہر کا موسم تبدیل کر دیا ہے۔ طویل گرمی کے بعد اب ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں، شہری خوشی محسوس کر رہے ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ 10 روز تک جاری رہے گا۔
اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بارش کی وجہ سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔ آج کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 اور کم سے کم 26 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیشگوئی ہے۔
24 اور 25 جولائی کو ہلکی بارش کا امکان ہے جبکہ 26 جولائی کو گرج چمک کے ساتھ تیز بارش ہو سکتی ہے۔ 27 جولائی کو بارش کا سلسلہ رک جائے گا اور درجہ حرارت 34 ڈگری تک جا سکتا ہے۔
28 جولائی سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گا۔ 29 اور 30 جولائی کو بھی بارش کے 50 فیصد امکانات ہیں۔ 31 جولائی اور یکم اگست کو بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ بارشوں نے گرمی کی شدت کو کم کر دیا ہے، جس سے شہریوں کو راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔















