وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اسکولوں میں تدریس کریں گے۔ وہ ہر ہفتے بغیر اطلاع کے اسکول جا کر تعلیمی معیار کا جائزہ لیں گے۔
لاہور: (رائیٹ ناؤنیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے اسکولوں میں تدریس کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہر ہفتے کسی ایک اسکول میں جا کر خود کلاس لیں گے۔
رانا سکندر حیات نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ انگلش اور کیمسٹری مضامین سے تدریس کا آغاز کریں گے۔ پرائمری سکولوں میں انگلش جبکہ ہائی سکولوں میں کیمسٹری پڑھائیں گے۔ انہوں نے دیگر مضامین کی تدریس کا بھی عندیہ دیا ہے۔
وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ وہ ستمبر کے پہلے ہفتے سے تدریس کا آغاز کریں گے۔ کسی اسکول میں بغیر پیشگی اطلاع کے جائیں گے تاکہ حقیقی مسائل کا جائزہ لے سکیں۔
انہوں نے وضاحت کی کہ اس اقدام کا مقصد تعلیمی معیار کو بہتر بنانا ہے۔ براہ راست جائزے سے تدریسی کمزوریاں دور کرنے میں مدد ملے گی۔ اساتذہ سے رابطہ تعلیمی اصلاحات میں معاون ثابت ہوگا۔
یاد رہے کہ رانا سکندر حیات نے کہا کہ وہ کاغذی کاروائی کے بجائے موقع پر جا کر مسائل حل کرنے کے حامی ہیں۔ اس سے سرکاری سکولوں کو معیاری بنانے کی مہم تیز ہوگی۔















