پاکستان نے حوثیوں کی سعودی عرب کو دی گئی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تجارتی حملے قومی سلامتی پر خطرہ ہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کی دھمکیوں پر شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب کے ساتھ تجارت کو نشانہ بنانے کو ناقابل قبول قرار دیا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی سلامتی اور علاقائی سالمیت کے لئے غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستانی جہازوں کے خلاف کسی بھی کارروائی کو قومی سلامتی پر حملہ تصور کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی جارجانہ کارروائی کو برداشت نہیں کرے گا۔ پاکستان تجارتی جہاز رانی کے تحفظ اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
پاکستان نے فریقین پر زور دیا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کا احترام کریں اور کشیدگی کو کم کرنے کے لئے بات چیت اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کریں۔ ترجمان نے کہا کہ تمام فریقین بین الاقوامی سمندری نقل و حمل کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی خبردار کیا ہے کہ اگر حوثیوں نے دھمکی پر عمل کیا تو امریکہ مداخلت کرے گا۔












