پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام، کل سے ملک گیر ہڑتال کا اعلان۔ روزانہ کی قیمتوں کا تعین ناقابل قبول قرار دیا گیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناؤ نیوز) آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن اور وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے درمیان مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ ایسوسی ایشن نے کل رات 12 بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مذاکرات کے دوران پیٹرول پمپ ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان بٹ نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر قیمتوں کا تعین ناقابل قبول ہے۔ ایسوسی ایشن کی حکومت سے مطالبہ ہے کہ قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیاد پر ہونا چاہیے۔
چیئرمین ہمایوں خان کا کہنا ہے کہ حکومت کاروباری افراد کی مشکلات حل نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ڈیلرز کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت کی پالیسیوں پر مشاورت نہیں کی جاتی۔
ہمایوں خان نے مزید کہا کہ اوگرا اور او ایم سیز کے ساتھ حکومت کی پالیسیاں عوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ کی قیمتوں کا تعین عوامی مفاد میں نہیں ہے۔
واضح رہے کہ پیٹرول پمپ مالکان کا یہ مطالبہ ہے کہ ان کے کمیشن میں اضافہ کیا جائے اور قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیاد پر ہو تاکہ کاروبار میں استحکام رہے۔















