یورپی یونین نے روس پر سائبر حملوں کا الزام عائد کر کے 9 شخصیات اور 4 اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں، جبکہ برطانیہ نے مزید 24 افراد اور اداروں کو بلیک لسٹ کیا ہے۔
برسلز: (رائیٹ ناؤ نیوز) یورپی ممالک نے روس پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ان کے خلاف سائبر مہم چلا رہا ہے۔ یورپی یونین میں شامل ممالک نے روس پر سائبر حملوں کا الزام لگایا ہے جبکہ جرمنی نے روسی سفیر کو طلب کرلیا ہے۔
جرمن وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ جرمنی، ای یو پارٹنرز اور یوکرین کے خلاف سائبر حملے ناقابل قبول ہیں۔ وزارت نے مزید کہا کہ روسی سائبر حملوں کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا جس میں مزید پابندیاں بھی شامل ہوسکتی ہیں۔
یورپی یونین اور برطانیہ نے روس کے خلاف مشترکہ طور پر نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔ ان پابندیوں کا اطلاق یورپ میں ہونے والے سائبر حملوں کے سلسلے میں کیا گیا ہے۔
یورپی یونین نے 9 روسی شخصیات اور 4 اداروں پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ برطانیہ نے مزید 24 افراد اور اداروں کو بلیک لسٹ میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ یورپی یونین اور برطانیہ روس کے خلاف پہلے بھی کئی پابندیاں لگا چکے ہیں، جن میں روسی معیشت کو نشانہ بنایا گیا تھا۔














