بنگلہ دیش میں شدید بارشوں نے 44 افراد کی جان لی اور ہزاروں گھروں کو زیرِ آب کر دیا ہے، امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
ڈھاکہ: (رائیٹ ناؤ نیوز) بنگلہ دیش میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث مختلف حادثات میں 44 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیلاب کی شدت نے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی ہے۔
شدید بارشوں نے ہزاروں گھروں کو زیرِ آب کر دیا جبکہ متعدد سڑکیں اور پل بھی تباہ ہو گئے ہیں۔ امدادی سرگرمیاں متاثر ہونے سے مشکلات بڑھ گئی ہیں۔
حکام نے بتایا کہ 2 لاکھ 68 ہزار گھرانے براہِ راست متاثر ہوئے ہیں۔ فوج اور بحریہ کشتیوں کے ذریعے دور دراز علاقوں میں امداد پہنچا رہی ہیں۔
کاکس بازار میں روہنگیا کیمپوں میں بھی لینڈ سلائیڈنگ سے لوگ ہلاک ہوئے ہیں۔ مزید مٹی کے تودے گرنے کا خدشہ برقرار ہے، لوگوں کی منتقلی جاری ہے۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیش مون سون بارشوں اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے شدید متاثر ہوتا ہے۔ حالیہ آفات نے کمزور بنیادی ڈھانچے کی مشکلات کو مزید نمایاں کیا ہے۔














