سعودی عرب نے سیاحوں کے لیے ‘پیکج ویزا’ متعارف کرایا، جس سے سفر مزید آسان ہو جائے گا۔ یہ اقدام سیاحت کے فروغ کا حصہ ہے۔
ریاض: (رائیٹ ناؤنیوز) سعودی عرب نے پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسافروں کے لیے نیا ڈیجیٹل ‘پیکج ویزا’ سسٹم متعارف کرایا ہے۔ یہ نظام سفر کو آسان بنانے کے لیے سعودی ٹورازم اتھارٹی نے پیش کیا ہے۔
اس نئے نظام کے تحت سیاح ایک ہی پلیٹ فارم سے ویزا، فلائٹ، ہوٹل اور دیگر سفری سہولیات بیک وقت بک کر سکیں گے۔ اس طرح مسافروں کو علیحدہ علیحدہ انتظامات کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
اہل مسافر منظور شدہ ٹریول سروس فراہم کرنے والوں کے ذریعے مکمل ٹریول پیکیج بک کرتے ہوئے ویزا کے لیے بھی درخواست دے سکیں گے۔ اس میں سیاحتی سرگرمیاں اور ایونٹس بھی شامل کیے جا سکتے ہیں۔
سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے کہا ہے کہ یہ اقدام سیاحت کے فروغ اور مسافروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق اس نظام سے سفری عمل مزید مربوط اور سہل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب پاکستانیوں کے لیے اہم ترین مقامات میں سے ایک ہے، جہاں لاکھوں افراد حج، عمرہ، روزگار، کاروبار اور سیاحت کے لیے جاتے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق 2025 میں تقریباً 28 لاکھ 70 ہزار پاکستانی سعودی عرب گئے تھے۔














