سوات میں اے این پی رہنما کے گھر پر فائرنگ، ایمبولینس بھی حملے کا نشانہ

سوات کے علاقے شکر درہ میں اے این پی رہنما کے گھر پر فائرنگ سے ایک شخص زخمی، ایمبولینس بھی حملے کا نشانہ۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
سوات میں اے این پی رہنما کے گھر پر فائرنگ، ایمبولینس بھی حملے کا نشانہ

سوات: (رائیٹ ناؤنیوز) ضلع سوات کے علاقے شکر درہ میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے ایک مقامی رہنما کے گھر پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ پولیس نے بتایا کہ زخمی کو اسپتال منتقل کرنے والی ایمبولینس پر بھی فائرنگ کی گئی جس سے ایک ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن زخمی ہوا۔

واقعہ شکر درہ میں پیش آیا جہاں اے این پی کے مقامی رہنما کے گھر کو نشانہ بنایا گیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ راستے میں زخمی کو لے جانے والی ایمبولینس پر بھی نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ریسکیو 1122 کا ایمرجنسی میڈیکل ٹیکنیشن زخمی ہو گیا۔

زخمی اہلکار کو بھی فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے۔

واضح رہے کہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ذمہ دار عناصر کو جلد قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں