ممبئی میں طوفانی بارش کے بعد سیلابی صورتحال برقرار، نظام زندگی مفلوج، کئی علاقے زیرآب، امدادی کارروائیاں جاری۔
ممبئی: (رائیٹ ناؤ نیوز) ممبئی میں 200 ملی میٹر بارش نے معمولات زندگی درہم برہم کر دیے۔ بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور کئی سڑکیں متاثر ہوئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں 12 گھنٹوں میں طوفانی بارش ہوئی۔ شہر کے مشرقی مضافات میں 260 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
شہر میں سیلابی صورتحال برقرار ہے۔ درختوں اور مکانات کو نقصان پہنچا۔ ٹرینوں کی آمدورفت بھی متاثر ہوئی۔
مسلسل بارشوں سے تھانے، پالگھر اور پونے میں بھی زندگی متاثر ہوئی۔ پونے میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات بھی پیش آئے۔
واضح رہے کہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے 186 ملی میٹر بارش کی تصدیق کی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کی شدت مختلف رہی۔















