عالم لوہار کی منفرد لوک موسیقی نے پنجاب کی ثقافت کو نئی شناخت دی۔ ان کے گیت آج بھی مقبول ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناؤ نیوز) پاکستان کے عظیم لوک گلوکار عالم لوہار کی 47ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ ان کی منفرد آواز اور چمٹے کی تھیپ آج بھی موسیقی کے شائقین کے دلوں کو مسحور کرتی ہے۔
عالم لوہار یکم مارچ 1928 کو ضلع گجرات میں پیدا ہوئے اور کم عمری میں ہی گلوکاری کا آغاز کیا۔ رنگ برنگا لباس اور چمٹے کے ساتھ ان کی پرفارمنس ثقافتی تقریبات کی جان ہوا کرتی تھی۔
انہوں نے پنجابی لوک موسیقی کو نئی زندگی بخشی اور صوفی شعرا کے کلام کو اپنی مخصوص آواز میں پیش کیا۔ ان کے گیت ’’جگنی‘‘ اور ’’بول مٹی دیا باویا‘‘ آج بھی مقبول ہیں۔
ان کی شہرت پاکستان کی سرحدوں سے باہر بھی پہنچی اور انہوں نے متعدد ممالک میں پاکستانی ثقافت کو متعارف کرایا۔ حکومت پاکستان نے 1979 میں ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں پرائیڈ آف پرفارمنس سے نوازا۔
یاد رہے کہ 3 جولائی 1979 کو ایک ٹریفک حادثے میں عالم لوہار کا انتقال ہوا۔ ان کے بیٹے عارف لوہار اب ان کی روایت کو آگے بڑھا رہے ہیں۔















