امریکی انٹیلی جینس نے ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کیا کہ نیتن یاہو ایران امن معاہدے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں، لبنان کی کشیدگی بھی بڑھ سکتی ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناؤنیوز) امریکی انٹیلی جینس ایجنسیوں نے ٹرمپ انتظامیہ کو خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو ایران کے ساتھ امن معاہدے کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اسرائیل معاہدے کو سبوتاژ کرنے کے لیے اقدامات اٹھا سکتا ہے۔
واشنگٹن ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نیتن یاہو کی ممکنہ کوششیں ایران کے ساتھ امریکی امن معاہدے کو کمزور کر سکتی ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نیتن یاہو پر لبنان میں جاری حملے برقرار رکھنے کا سیاسی دباؤ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل میں انتخابات قریب ہیں اور نیتن یاہو ووٹرز کو یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ وہ لبنان میں تعینات فوج واپس نہیں بلائیں گے۔ لبنان میں اسرائیلی حملے نیتن یاہو کے لیے سیاسی بقا کا مسئلہ بنے ہوئے ہیں۔
امریکی انٹیلی جینس کے جائزوں کے مطابق لبنان میں کشیدگی میں اضافہ اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان تنازع کو گہرا کر سکتا ہے۔ اس سے ایران کے ساتھ سفارتی کوششوں کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ نیویارک ٹائمز نے پہلے بھی رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیلی انٹیلی جینس ادارے ایران سے متعلق امریکی مذاکرات پر نظر رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 2021 میں امریکی فوج کے ہیڈکوارٹر میں جاسوسی آلات نصب کرنے کی کوشش بھی کی گئی تھی۔














