ایران کے چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی جنگی کامیابیوں نے مذاکرات کو مضبوط بنیاد فراہم کی ہے، جس سے ایران کی پوزیشن بہتر ہوئی ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران کے چیف مذاکرات کار باقر قالیباف نے کہا ہے کہ میدانِ جنگ میں ایران کی فتح نے مذاکرات کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ بندی معاہدہ امریکا کی ناکامی کا ثبوت ہے اور ایران طاقت کے ساتھ بات کر رہا ہے۔
باقر قالیباف نے ایرانی پریس ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ایران امریکا کے ساتھ مضبوط اعتماد کی پوزیشن میں مذاکرات کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ مذاکرات ایران کی میدان جنگ میں کامیابیوں کی وجہ سے ممکن ہوئے ہیں۔
قالیباف نے مزید کہا کہ ایران کی طاقت کو اب دوست اور دشمن دونوں تسلیم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عسکری کامیابیوں کو سیاسی اور قانونی کامیابی میں تبدیل کرنا ضروری ہے تاکہ دیرپا نتائج حاصل ہو سکیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ سیاسی اور قانونی دستاویزات کے بغیر کسی جنگی کامیابی کا کوئی فائدہ نہیں ہوتا۔ مذاکرات کا مقصد قومی مفادات کا تحفظ اور دیرپا حل کا حصول ہے۔ ایران اپنی کامیابیوں کو سفارتی میدان میں بھی مؤثر انداز میں استعمال کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ آبنائے ہرمز پر خودمختاری ایران کا حق ہے، اور جنگ سے پہلے کی صورتحال میں نہیں لوٹے گی۔ قالیباف نے کہا کہ 60 دن بعد اہم بحری راستے سے گزرنے والے جہازوں سے خدمات کے عوض فیس وصول کی جائے گی۔














