ایرانی ملٹری سیکرٹری نے یو اے ای کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات پر خبردار کیا، ایران کے صبر کی حد بتائی۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایران نے متحدہ عرب امارات کو اسرائیل کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر کے ملٹری سیکرٹری محسن رضائی نے کہا ہے کہ ابوظہبی کے ساتھ دوستی کے دروازے بند نہیں کیے لیکن ایران کے صبر کی حد ہے۔
محسن رضائی نے کہا کہ ایران یو اے ای اور اسرائیل کے درمیان تعلقات سے آگاہ ہے اور انہیں اسرائیل کی سازشوں میں نہیں الجھنا چاہیے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیل اور امریکا کی ایران کے خلاف جنگ کے دوران یو اے ای شدید حملوں کی زد میں رہا۔
حالیہ اطلاعات سے اشارہ ملتا ہے کہ یو اے ای نے ممکنہ طور پر جوابی کارروائیاں بھی کیں۔ قبل ازیں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یو اے ای کو ایران مخالف کارروائیوں میں براہِ راست ملوث قرار دیا تھا۔
انہوں نے برکس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یو اے ای کو ایران سے متعلق اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرنی چاہیے۔ یاد رہے کہ اسرائیلی وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق نیتن یاہو نے ایران جنگ کے دوران یو اے ای کا خفیہ دورہ کیا تھا۔
یاد رہے کہ یو اے ای نے اسرائیلی وزیر اعظم کے دورہ امارات کی تردید کی۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیا نے بھی کم از کم 2 مرتبہ امارات کا دورہ کیا تھا۔














