وفاقی وزیرداخلہ کی ایرانی صدر سے ملاقات میں خطے کی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان کی ثالثی کوششوں کو سراہا۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات ہوئی ہے۔ اس ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔
پاکستانی سفارتخانے نے بیان جاری کیا ہے کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کی ایرانی صدر کے ساتھ تقریباً 90 منٹ کی ملاقات ہوئی۔ اس ملاقات میں ایرانی وزیرداخلہ اسکندر مومنی اور وزیرِخارجہ عباس عراقچی بھی شریک تھے۔
ایرانی قیادت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور علاقائی ثالثی مشن پر اہم مذاکرات ہوئے۔ ایرانی وزیر داخلہ نے ایران امریکا تنازع کے حل میں پاکستانی کوششوں کی تعریف کی ہے۔
ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی کا کہنا تھا کہ ایران ہمیشہ سے امن کا حامی رہا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا۔
یاد رہے کہ پاکستان اور ایران کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔ دونوں ممالک نے خطے میں امن اور سلامتی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے پر زور دیا ہے۔














