اسلام آباد میں اسٹامپ پیپر فیس میں انتیس کروڑ کی خورد برد، 71 افسران کے خلاف مقدمہ درج۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسٹامپ پیپر کی فیس سرکاری خزانے میں جمع نہ کرانے کے معاملے پر بڑا اسکینڈل سامنے آیا ہے، جس میں فیڈرل ٹریئری آفس کے 71 افسران اور اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دو سالوں کے دوران انتیس کروڑ روپے خورد برد کیے گئے۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے سرکاری فیس خزانے میں جمع نہ کرانے پر وفاقی دفتر خزانہ کے اکہتر افسران اور اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے۔ ملزمان نے مالی فائدے کے لیے سرکاری عہدوں کا استعمال کرتے ہوئے غیرقانونی طور پر اسٹامپ پیپرز جاری کیے تھے۔
انہوں نے اسٹامپ پیپر کی فیس، کورٹ فیس اور غیر ملکی بلز وفاقی خزانے میں جمع نہیں کروائے تھے، اس طرح انہوں نے کروڑوں روپے کا بھاری نقصان کیا۔
وفاقی دفتر خزانہ میں ہونے والے اصل نقصان کا تعین گزشتہ دس سال کے فرانزک آڈٹ کی تکمیل کے بعد کیا جائے گا۔ ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے گزشتہ رات چھاپہ مار کر بیس ملزمان کو گرفتار کیا۔















