حماس نے اسرائیل پر غزہ معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام لگایا، اسلحہ حوالے کا فیصلہ قومی مذاکرات سے ہوگا۔
غزہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) حماس نے کہا ہے کہ غزہ معاہدے کے پہلے مرحلے کی تمام شرائط کو مکمل کیا جا چکا ہے، تاہم اسرائیل دوسرے مرحلے میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے عرب میڈیا کو بتایا کہ رفح میں عسکریت پسندوں کے خلاف اسرائیلی اقدامات معاہدے کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔
حازم قاسم نے مزید کہا کہ حماس کا قاہرہ دورہ اس بات کا ثبوت ہے کہ تنظیم دوسرے مرحلے میں آگے بڑھنے کے لیے سنجیدہ ہے۔ حماس کا مؤقف ہے کہ اسلحہ حوالے کرنے کا فیصلہ صرف فلسطینی قومی مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق غزہ معاہدے کے دوسرے مرحلے پر اسرائیلی قیادت میں اختلافات ابھر رہے ہیں۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ یرغمالیوں کی لاشیں ملنے تک دوسرے مرحلے میں داخل نہیں ہوں گے۔
اسرائیلی چینل کے مطابق امریکا کے شیڈول کے تحت جنوری کے وسط میں بین الاقوامی استحکام فورس کے غزہ کے علاقے رفح پہنچنے کا امکان ہے۔ اسرائیلی فوج رفح میں بھاری مشینری داخل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل سے ریڈ کراس کے ذریعے 15 مزید فلسطینیوں کی لاشیں وصول کی گئی ہیں، جس سے مجموعی تعداد 345 ہو گئی ہے۔















