روس کے 22 سالہ گیمر آرٹیم نے انرجی ڈرنکس کی زیادتی کے باعث معذوری حاصل کر لی۔
روس: (رائیٹ ناوٴ نیوز) شمالی روس کے علاقے یامالو-ننت کے 22 سالہ آرٹیم، جو کہ گیمر ہے، روزانہ تین انرجی ڈرنکس پینے کے باعث معذور ہوگیا ہے۔ آرٹیم گزشتہ آٹھ برسوں سے گیمنگ کے دوران انرجی ڈرنکس کا استعمال کر رہا تھا، جس کی وجہ سے وہ لبلبے کی بیماری میں مبتلا ہوگیا اور 2024 میں اس کی ٹانگیں مفلوج ہوگئیں۔
آرٹیم کی والدہ نے بتایا کہ وہ نوعمری سے کمپیوٹر گیمز کا شوقین تھا اور گیمنگ کے دوران پہلے ایک کین پیتا تھا، لیکن وقت کے ساتھ یہ تعداد تین ہوگئی۔ پہلی بار 16 سال کی عمر میں صحت کے مسائل سامنے آئے، جو بڑھ کر لبلبے، جگر اور تلی کے مسائل میں تبدیل ہوگئے۔ 2024 میں اچانک اس کی آواز ختم ہوگئی اور پیر مفلوج ہوگئے۔
آرٹیم اس وقت سینٹ پیٹرزبرگ اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق، اسے چلنے پھرنے میں چھ ماہ سے ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے، لیکن لبلبے کے مسائل برقرار رہ سکتے ہیں۔
انرجی ڈرنکس میں چینی اور کیفین کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جس کا زیادہ استعمال صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے مطابق، بالغ افراد کو روزانہ 400 ملی گرام سے زیادہ کیفین سے پرہیز کرنا چاہیے تاکہ دل کی دھڑکن، بے خوابی، سر درد، پانی کی کمی اور ہائی بلڈ پریشر سے بچا جا سکے۔















