ایران کے خرازی خاندان نے نوبی ٹیکس کے ذریعے پاسدارانِ انقلاب کے لیے مالی منتقلی کی۔ خاندان کے اثر و رسوخ اور عالمی کرپٹو مارکیٹ تک رسائی نے اس کو ممکن بنایا۔
تہران: (رائیٹ ناؤ) ایران کے خرازی خاندان کے دو افراد نے نوبی ٹیکس کے نام سے ملک کا سب سے بڑا کرپٹو کرنسی ایکسچینج قائم کیا ہے۔ اس کا استعمال ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے لاکھوں ڈالرز کی منتقلی کے لیے کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، نوبی ٹیکس کو بلیک لسٹ شدہ ریاستی ادارے اور عام شہری دونوں استعمال کر رہے ہیں۔ خرازی خاندان کے دو بھائیوں نے اس ایکسچینج کی بنیاد رکھی، جس کا مقصد پابندیوں کے شکار گروپوں کے لیے مالی لین دین کرنا تھا۔
نوبی ٹیکس کے بانیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے 1 کروڑ 10 لاکھ صارفین ہیں۔ اس ایکسچینج کو ایرانی عوام کرپٹو خریدنے اور محفوظ رکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، کیونکہ بین الاقوامی بینکنگ تک رسائی محدود ہے۔
واضح رہے کہ خرازی خاندان ایران کے بااثر ترین خاندانوں میں شامل ہے۔ ان کے خاندانی تعلقات ایران کے موجودہ اور سابقہ سپریم لیڈرز کے ساتھ رہے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ نوبی ٹیکس نے دنیا کے سب سے بڑے کرپٹو ایکسچینج بائننس کے ساتھ بھی لین دین کیا ہے، لیکن پابندیوں سے بچنے کے لیے اپنے والٹ ایڈریسز کو تبدیل کرتا رہا ہے۔














