مئی میں دو بار مکمل چاند کا نظارہ ہوگا، دوسرا چاند 31 مئی کو بلیو مون کہلائے گا، جو 2028 تک دوبارہ نہیں دیکھ سکیں گے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) مئی کا مہینہ چاند کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتا ہے کیونکہ اس مہینے میں دو بار مکمل چاند کا نظارہ ممکن ہوگا۔ مئی میں دوسرا چاند بلیو مون کہلائے گا جو 31 تاریخ کو نظر آئے گا۔
پہلا مکمل چاند یکم مئی کو طلوع ہوگا جبکہ بلیو مون مہینے کے آخری دن نظر آئے گا۔ بلیو مون دو بار مکمل چاند دیکھنے کے موقع کو کہا جاتا ہے۔
حکام کے مطابق، مئی کا بلیو مون اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ اگلا موقع 2028 میں دستیاب ہوگا۔ بلیو مون کی اصطلاح دلچسپ وجوہات کی بنا پر استعمال ہوتی ہے۔
چاند کے نیلگوں مائل ہونے کا کوئی تعلق نہیں بلکہ یہ انگریزی مہینے میں دوسری بار مکمل چاند کو کہا جاتا ہے۔ اس بار بلیو مون مائیکرو مون ہوگا، جس کا مطلب ہے کہ یہ چاند معمول سے چھوٹا اور کم روشن ہوگا۔
واضح رہے کہ بلیو مون کی دو اقسام ہیں، سیزنل اور منتھلی بلیو مون۔ سیزنل بلیو مون ایک سیزن میں چار چاندوں کے تیسرے چاند کو کہا جاتا ہے اور منتھلی بلیو مون مہینے کے دوسرے مکمل چاند کو۔














