پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی منظوری قریب ہے، جس کے لیے ریگولیٹری فریم ورک تیار ہو چکا ہے اور حتمی مشاورت جاری ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ پاکستان میں سیٹلائٹ انٹرنیٹ سروس کی منظوری کا عمل آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔ ریگولیٹری فریم ورک کی تیاری قومی سلامتی اور سکیورٹی تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کی جا رہی ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ پاکستان اسپیس ایکٹیویٹیز ریگولیٹری بورڈ نے سیٹلائٹ کمیونیکیشن کے مسودہ قواعد تیار کر لیے ہیں۔ یہ قواعد حتمی مشاورت کے مرحلے میں ہیں اور جلد حتمی شکل دی جائے گی۔
وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے کہا کہ پی ٹی اے نے فکسڈ سیٹلائٹ سروسز کے لائسنسنگ فریم ورک کو تیار کر لیا ہے۔ یہ فریم ورک وفاقی کابینہ کو منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔
حکام کے مطابق، اسپیکٹرم الاٹمنٹ اور لائسنسنگ کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ سیٹلائٹ انٹرنیٹ دور دراز علاقوں میں تیز رفتار انٹرنیٹ کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا۔
واضح رہے کہ اسٹارلنک اور دیگر بین الاقوامی کمپنیاں پاکستان میں خدمات فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کر چکی ہیں۔ اسٹارلنک پہلے ہی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان میں رجسٹر ہو چکی ہے۔














