لاہور میں تیار اسطرلاب لندن میں نیلامی کے لیے پیش

لاہور میں تیار کردہ نایاب اسطرلاب لندن میں نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے، جو جے پور کے شاہی خاندان کی ملکیت تھا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
لاہور میں تیار اسطرلاب لندن میں نیلامی کے لیے پیش

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) 17 ویں صدی کا ایک نایاب اسطرلاب لندن میں نیلامی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔ یہ شاندار پیتل کا اسطرلاب جے پور کے شاہی خاندان کے نجی مجموعے کا حصہ تھا۔

یہ اسطرلاب لندن کی سوتھبیز گیلری میں 24 سے 29 اپریل تک نمائش کے لیے رکھا جائے گا۔ یہ اسطرلاب جے پور کے مہاراجہ سوائی مان سنگھ دوم کی ملکیت تھا۔

اسطرلاب ایک قدیم اور تاریخی سائنسی آلہ ہے، جسے زمانہ قدیم کے ماہرین فلکیات اور جہاز راں ستاروں کی پوزیشن معلوم کرنے، وقت کا پتہ لگانے، سمت کی تعین اور جغرافیائی پیمائش کے لیے استعمال کرتے تھے۔ اسے قدیم دور کا سپر کمپیوٹر بھی کہا جاتا ہے۔

آکسفورڈ سینٹر فار ہسٹری آف سائنس کی ڈاکٹر فیدریکا گیگانتے نے کہا کہ ان آلات کو آج کے سمارٹ فونز سے موازنہ کیا جا سکتا ہے۔ ان آلات سے غروب و طلوع آفتاب، عمارت کی اونچائی اور فاصلے کا حساب لگایا جاتا تھا۔

یہ اسطرلاب 17 ویں صدی کے اوائل میں لاہور میں دو بھائیوں قائم محمد اور محمد مقیم نے مغل امیر آقا افضل کے لیے تیار کیا تھا۔ لاہور اس دور میں ان آلات کی تیاری کا مرکز تھا۔

یاد رہے کہ آقا افضل نے مغل بادشاہ جہانگیر اور شاہ جہاں کے دور میں خدمات انجام دی تھیں۔ ان بھائیوں نے مشترکہ طور پر صرف دو اسطرلاب تیار کیے تھے۔

دیگر متعلقہ خبریں