عام بخار وائرل انفیکشن سے ہوتا ہے جبکہ ملیریا پلازموڈیم جراثیم سے، جانئے علامات۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)۔ ہر سال 25 اپریل کو ورلڈ ملیریا ڈے منایا جاتا ہے تاکہ ملیریا کے خلاف شعور بیدار کیا جا سکے۔ اس بار ڈاکٹرز نے عام بخار اور ملیریا کے درمیان فرق کو سمجھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ بخار خود بیماری نہیں، بلکہ جسم میں انفیکشن کی علامت ہوتی ہے۔ عام بخار زیادہ تر وائرل یا بیکٹیریل انفیکشن کی وجہ سے ہوتا ہے، جبکہ ملیریا مخصوص جراثیم پلازموڈیم کی وجہ سے ہوتا ہے۔
عام بخار میں جسم کا درجہ حرارت آہستہ بڑھتا ہے اور علامات میں جسم درد، گلا خراب ہونا شامل ہیں۔ ملیریا بخار میں اچانک تیز بخار، کپکپی اور پسینہ آنے کی علامات شامل ہیں۔
ملیریا میں سر درد، متلی، قے اور شدید تھکن عام ہیں۔ بخار کے درمیان وقفے میں مریض خود کو نارمل محسوس کرتے ہیں، جس کی وجہ سے ڈاکٹر کے پاس جانے میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
یاد رہے کہ ملیریا کی تصدیق کے لیے خون کا ٹیسٹ کیا جاتا ہے اور مخصوص ادویات سے علاج کیا جاتا ہے۔ احتیاطی تدابیر میں صاف پانی اور مچھر سے بچاؤ اہم ہیں۔















