پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے فارماسسٹ، سائیکلوجسٹ اور ڈینٹل ٹیکنیشنز کی کلینیکل پریکٹس کو غیرقانونی قرار دے دیا، اتائیت کے بڑھتے رجحان سے ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس پھیلنے کا خدشہ۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے فارماسسٹ، سائیکلوجسٹ اور ڈینٹل ٹیکنیشنز کی کلینیکل پریکٹس کو غیرقانونی قرار دے دیا۔
پاکستان میں اتائیت کے بڑھتے ہوئے رجحان پر پی ایم ڈی سی نے وزارت صحت کو خط لکھا ہے، جس میں اتائیت کے باعث ملک بھر میں ایچ آئی وی اور ہیپاٹائٹس کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ خصوصاً اسلام آباد اور میرپورخاص میں خطرہ زیادہ ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ تشخیص، دوا تجویز کرنا اور علاج صرف کوالیفائڈ ڈاکٹرز اور ڈینٹس کا اختیار ہے۔ صرف پی ایم ڈی سی سے رجسٹرڈ ڈاکٹر اور ڈینٹسٹ ہی ایلوپیتھک علاج اور سرجری کر سکتے ہیں۔
مزید برآں، خط میں الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کی غیرمجاز پریکٹس کو انسانی جانوں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز کونسل کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایسی پریکٹس کو فوری روکا جائے۔
واضح رہے کہ ڈریپ نے ملک بھر میں ممنوعہ سرنجز کے خلاف مارکیٹ سروے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزارت صحت نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ایچ آئی وی کی صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔














