پیٹرولیم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد کرایوں میں 4 فیصد اضافہ کر دیا گیا۔ ٹرانسپورٹ ہائوس میں مذاکرات کے بعد فیصلہ کیا گیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بھی 4 فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ ہائوس میں ہونے والی اہم بیٹھک میں سیکرٹری آر ٹی اے اور ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات میں کرایوں میں 3 سے 4 فیصد اضافے پر اتفاق ہوا۔
سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے کہا ہے کہ کسی کو من مانے اضافے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور صرف 3 سے 4 فیصد تک ہی کرایہ بڑھایا جائے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ 4 فیصد سے زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی اور آج ہی نئے کرایہ نامے آویزاں کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ٹرانسپورٹ سیکٹر متاثر ہو رہا ہے، جس کی وجہ سے کرایوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔















