انسٹا گرام نے نئی ایپ انسٹنٹس اسپین اور اٹلی میں متعارف کرائی، تصاویر دیکھنے پر خودکار غائب ہوں گی۔
میڈرڈ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انسٹا گرام نے فوٹو شیئرنگ کے لیے ایک نئی ایپ انسٹنٹس متعارف کرائی ہے۔ یہ ایپ اس وقت اسپین اور اٹلی میں آزمائش کے مراحل میں ہے۔
کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ صارفین اس ایپ میں ایسی تصاویر شئر کرسکیں گے جو ایک بار دیکھنے پر خودکار طور پر غائب ہو جائیں گی۔ اگر نہ دیکھی جائیں تو یہ تصاویر 24 گھنٹوں تک دستیاب رہیں گی۔
اس ایپ میں تصاویر کو ایڈٹ کرنے کی سہولت نہیں ہوگی، اور نہ ہی فون گیلری سے اپ لوڈ کر سکیں گے۔ صارفین کو ان ایپ کیمرے سے ہی تصویر کھینچ کر شیئر کرنا ہوگا۔
کمپنی کے مطابق یہ ایپ انسٹا گرام سے مختلف، حقیقی زندگی کی تصاویر شیئر کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔ اس میں ٹیکسٹ کا اضافہ ممکن ہوگا مگر مزید کوئی تبدیلی نہیں کی جا سکے گی۔
واضح رہے کہ انسٹا گرام کے اندر بھی انسٹنٹس کو ایک فیچر کے طور پر مخصوص علاقوں میں آزمایا جا رہا ہے۔ صارفین انسٹا گرام ایپ یا انسٹنٹس کی اپنی ایپ میں اسے استعمال کر سکیں گے۔















