سی ڈی اے نے مارگلہ پہاڑی کے دامن میں ایک ہزار ایکڑ پر نیا پارک تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا مقصد اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنانا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سی ڈی اے نے مارگلہ پہاڑی کے دامن میں ایک ہزار ایکڑ پر نیا پارک تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد وفاقی دارالحکومت کو مزید خوبصورت اور عوام کے لیے تفریحی مواقع فراہم کرنا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت اجلاس میں اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں طے پایا کہ عالمی معیار کی فرمز کے ساتھ جوائنٹ وینچر کے تحت شہر میں فائیو اسٹار ہوٹل بنائے جائیں گے۔ ای او بی آئی کے اشتراک سے تیار ہونے والے فائیو اسٹار ہوٹل پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کو ایک مثالی شہر بنانا ہے، جہاں بین الاقوامی معیار کی سہولتیں اور تفریح کے مواقع فراہم کیے جائیں۔ وزیر داخلہ نے سرمایہ کاروں کے لیے زیرو ٹیکس نئی ہوٹل پالیسی مرتب کرنے کا حکم دیا۔ آئندہ تمام آکشنز کے لیے مارکیٹنگ ٹیم تعینات کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔
یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کا کنٹرول روم سیف سٹی میں قائم کیا جائے گا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے میں ون ونڈو آپریشن کے تحت ڈیجیٹل ڈیش بورڈ متعارف کرایا جائے گا، جبکہ غیر ضروری پوسٹوں کو ختم کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کی ترقیاتی منصوبوں کا مقصد شہر کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے، جس میں عوام کی سہولت اور تفریح کے مواقع میں اضافہ شامل ہے۔















