ڈریپ نے آن لائن غیر قانونی ادویات کی فروخت پر کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا، ویب سائٹس بلاک کرنے کی درخواست دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ڈریپ نے آن لائن ادویات کی غیر قانونی فروخت پر سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو ایسی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا پیجز بلاک کرنے کی درخواست کی ہے جو غیر قانونی ادویات کی تشہیر اور فروخت کر رہے ہیں۔
ڈریپ نے متعدد آن لائن پلیٹ فارمز کی نشاندہی کی ہے جو بھارت اور ایران سے اسمگل شدہ ادویات کی فروخت میں ملوث ہیں۔ اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اور اسمگل شدہ ادویات عوامی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جنسی صحت، وزن میں کمی اور ذہنی امراض کی ادویات کی آن لائن فروخت غیر قانونی ہے۔ سوشل میڈیا پر تشہیر لوگوں کو خود علاج کی طرف مائل کر رہی ہے، جو مزید خطرات کو جنم دے سکتی ہے۔
اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ بغیر اجازت ادویات کی تشہیر ڈرگ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ غیر معیاری ادویات جان لیوا پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہیں۔
واضح رہے کہ ڈریپ نے پی ٹی اے سے سوشل میڈیا کمپنیوں کے ساتھ مل کر غیر قانونی اشتہارات ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ غیر مصدقہ ذرائع سے ادویات خریدنے سے گریز کریں۔















