یورپی پارلیمنٹ نے سوشل میڈیا کے استعمال کی عمر 16 سال مقرر کی، والدین کی اجازت سے 16 سال سے کم بچے استعمال کر سکیں گے۔
برسلز: (رائیٹ ناوٴ نیوز) یورپی یونین کی پارلیمنٹ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کے استعمال کے لیے کم از کم عمر کی حد 16 سال مقرر کرنے کی قرارداد منظور کی ہے۔ اس قرارداد کے تحت 16 سال سے کم عمر بچے والدین یا سرپرست کی اجازت کے بغیر سوشل میڈیا استعمال نہیں کر سکیں گے۔
یہ قرارداد اکتوبر میں جاری کیے گئے مسودے کے مطابق ہے جس میں یورپی ممالک کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ کم سے کم عمر کو 13 سال تک بھی رکھ سکتے ہیں۔ تاہم، یہ قرارداد قانونی حیثیت نہیں رکھتی بلکہ مستقبل کی قانون سازی کے لیے ایک اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔
دنیا بھر کے کئی ممالک جیسے آسٹریلیا، فرانس، ڈنمارک اور ملائیشیا نے بھی سوشل میڈیا کے استعمال کے لیے عمر کی حد 15 سے 16 سال مقرر کر رکھی ہے تاکہ بچوں کو اشتہا انگیز جنسی مواد اور سائبر کرائم سے بچایا جا سکے۔















