پاکستان جوجٹسو ٹیم نے جنوبی ایشیا چیمپئن شپ 2026 میں 12 گولڈ، 5 سلور اور 5 برانز میڈلز جیت کر تاریخ رقم کی۔
ڈاگانا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان جوجٹسو ٹیم نے جنوبی ایشیا چیمپئن شپ 2026 میں شاندار کامیابی حاصل کر لی۔ قومی ٹیم نے سری لنکا کے شہر ڈاگانا میں 12 گولڈ، 5 سلور اور 5 برانز میڈلز جیتے۔ مجموعی طور پر 22 میڈلز جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کئی کھلاڑی فائنل مقابلوں میں آمنے سامنے آئے۔
پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں زنیرہ ذوالفقار علی، سندس علی، رشال خان، محمد عبدللہ علی اور عباد الرحمن نے انڈر 16 اور انڈر 18 ایونٹس میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
ایڈلٹ ڈو کیٹیگری میں ایم علی راشد اور ایم یوسف علی نے کلاسک میں گولڈ جبکہ ڈو مکسڈ میں ایم علی راشد اور اسرا وسیم نے گولڈ میڈل جیتا۔ دیگر ایونٹس میں کائنات عارف، رشال خان اور عبداللہ نے بھی شاندار کارکردگی دکھائی۔
پاکستان جوجسٹو فیڈریشن کے بانی و صدر خلیل احمد خان اور سیکرٹری جنرل طارق علی نے کھلاڑیوں کی کامیابی پر بھرپور خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی محنت نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستانی ٹیم کی اس کامیابی پر وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا جائے گا اور کھلاڑیوں کو انعامات سے نوازا جائے گا۔















