ایپل ستمبر 2026 میں پہلا فولڈ ایبل آئی فون متعارف کرائے گا، جو روایتی آئی فونز سے مختلف ہوگا۔
کیلی فورنیا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایپل کافی عرصے سے اپنے پہلے فولڈ ایبل آئی فون پر کام کر رہا ہے۔ نئی لیک کے مطابق، یہ فون ستمبر 2026 میں آئی فون 18 پرو سیریز کے ساتھ پیش کیا جائے گا۔
یہ فولڈ ایبل فون ایپل کے پریمیئم اسمارٹ فون الٹرا ماڈل کے طور پر متعارف کرایا جائے گا۔ اس کا ڈیزائن اور کام کرنے کا انداز روایتی آئی فونز سے مختلف ہوگا، جو کتاب کی طرح فولڈ ہو سکے گا۔
اس فون کا باہری ڈسپلے 5.5 انچ کا ہوگا، جبکہ کھلنے کے بعد اندر 7.8 انچ اسکرین نظر آئے گی۔ ایپل پتلے گلاس اور لیکوئیڈ میٹل کی آزمائش کر رہا ہے تاکہ فون زیادہ پائیدار ہو سکے۔
ماہرین کے مطابق، اس فون میں 3 ڈی پرنٹڈ پرزہ جات استعمال کیے جائیں گے تاکہ یہ زیادہ مضبوط اور لچکدار ہو۔ فون کی موٹائی کھلنے پر 4.5 سے 4.8 ملی میٹر جبکہ فولڈ ہونے پر 9.6 ملی میٹر ہوگی۔
واضح رہے کہ اس نئے ماڈل کا تجربہ روایتی آئی فونز سے مکمل طور پر مختلف ہوگا۔ فون میں اے 20 پرو چپ اور 5500 ایم اے ایچ بیٹری دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ کیمرا ڈیزائن آئی پیڈ پرو جیسا ہوگا۔















