جھانوی کپور نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی جعلی تصاویر فحش ویب سائٹ پر دیکھی تھیں، جس سے انہیں ذہنی صدمہ پہنچا۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بالی وڈ اداکارہ جھانوی کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے 15 سال کی عمر میں اپنی جعلی تصاویر ایک فحش ویب سائٹ پر دیکھی، جس نے انہیں شدید ذہنی صدمے سے دوچار کیا۔
انہوں نے ایک پوڈکاسٹ میں بتایا کہ یہ واقعہ ان کے اسکول کے دنوں میں پیش آیا جب انہوں نے آئی ٹی کلاس کے دوران اپنی تصاویر ایسی ویب سائٹس پر دیکھیں۔ یہ مواد مکمل طور پر ڈیپ فیک (Deepfake) جیسا تھا، جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
جھانوی نے سوال اٹھایا کہ کیا عوامی شخصیت ہونے کی قیمت یہی ہے کہ ایسے غیر اخلاقی مواد کو برداشت کیا جائے؟ انہوں نے سوشل میڈیا پر پھیلنے والے اے آئی سے تیار کردہ جعلی مواد پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان کی ایسی تصاویر اور ویڈیوز بھی گردش میں ہیں جو مکمل طور پر مصنوعی ہیں لیکن حقیقت کے طور پر پیش کی جاتی ہیں۔ بعض اوقات مستند نیوز پلیٹ فارمز بھی انہیں شیئر کر دیتے ہیں، جس سے پیشہ ورانہ مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ جھانوی کپور نے اس صورتحال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں ایسے جعلی مواد کی بنیاد پر ہدایت کار ہم پر دباؤ ڈال سکتے ہیں۔














