بالی وڈ کے معروف اداکار دھرمیندر 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، ان کے فلمی کیریئر میں 300 سے زائد فلمیں شامل ہیں۔
ممبئی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بالی وڈ کے معروف اداکار دھرمیندر دیول 89 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ دھرمیندر کو سانس کی مشکلات سمیت دیگر صحتی مسائل کے باعث اس ماہ کے آغاز میں ہسپتال داخل کیا گیا تھا۔
دھرمیندر کی فلمی کیریئر چھ دہائیوں پر محیط رہا جس میں انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا۔ ان کی مشہور فلموں میں ‘شعلے’, ‘سیتا اور گیتا’ اور ‘چپکے چپکے’ شامل ہیں۔ ان کی پہلی فلم 1960 میں ریلیز ہوئی اور ان کی آخری فلم ‘اکیس’ دسمبر میں ریلیز ہوگی۔
دھرمیندر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں فلم فیئر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز اور بھارت کے تیسرے بڑے شہری اعزاز ‘پدم بھوشن’ سے نوازا گیا۔ انہوں نے سیاست میں بھی قسمت آزمائی کی اور 2004 میں بیکانیر سے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے۔
ان کے انتقال کی خبر کے بعد تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ کرن جوہر نے کہا کہ دھرمیندر کا انتقال بالی وڈ کے ایک دور کا اختتام ہے۔
دیگر اداکاروں بومن ایرانی، منیش ملہوترا، کاجول اور فرحان اختر نے بھی دھرمیندر کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپنی زندگی میں لوگوں کو محبت، خوشی اور روشنی دی۔
دھرمیندر کی موت کے بعد ان کے اہل خانہ اور کئی ستارے، بشمول ہیمامالنی اور ایشا دیول، پون ہنس شمشان بھومی میں دیکھے گئے۔















