وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی تجویز مسترد کر دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے عید کے موقع پر عوام کو ریلیف دیتے ہوئے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ حکومت فی الحال پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں نہیں بڑھائے گی۔
وزیراعظم کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 50 روپے اور ڈیزل کی قیمت میں 74 روپے اضافے کی تجویز دی گئی تھی، جو عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تیزی کے باعث زیر غور تھی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت عوام پر بوجھ نہیں ڈالے گی اور قیمتیں نہ بڑھانے کے فیصلے سے 24 ارب روپے کا اضافی بوجھ حکومت خود برداشت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عید کے موقع پر عوام کو ریلیف دیا جائے اور ضروری اشیا کے ساتھ ایندھن کی قیمتوں میں بھی استحکام برقرار رکھا جائے۔
واضح رہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کی تجویز سامنے آئی تھی، تاہم حکومت نے اسے مسترد کرتے ہوئے عوام کو فوری ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔













